جمعه: 1403/01/10
Printer-friendly versionSend by email
ماہ شعبان المعظم ؛ دعاؤں کا مہینہ ۔ ماہ شعبان المعظم کی آمد کی مناسبت سے آیت اللہ العظمی صافی گلپایگانی مدظلہ الوارد کے نوشتہ جات سے مأخوذ

بسم الله الرحمن الرحیم
«قالَ رَبُّکُمُ ادْعُونی‏ أَسْتَجِبْ لَکُم»(۱)
اللّهُمَّ صَلِّ عَلَی مُحَمَّدٍ وَ آلِ مُحَمَّدٍ وَ لاسِیّمَا عَلی وَلِیّکَ الْمُحْیی سُنَّتَکَ القَائِمِ بِأمْرِکَ الدَّاعِی إلَیکَ الدَّلیلِ عَلَیکَ. اللّهُمَّ عَجِّلْ فَرَجَهُ وَ سَهِّلْ مَخْرَجَهُ وَ ارْزُقْنَا لِقَائَهُ وَ اجْعَلْنَا مِنْ أنْصَارِهِ وَ أعْوَانِهِ

 

 ماہ مبارک شعبان کی آمد کی مناسبت سے آپ سب کی خدمت میں تبریک و تہنیت پیش کرتے ہیں ۔ یہ برکتوں کے نزول کا مہینہ ہے، مبارک اعیاد ، اور انوارِ الٰہیہ کی تجلی کا مہینہ ہے ۔   

 

یہ مبارک مہینہ دعا اور فرجِ آل محمد علیہم السلام طلب کرنے کا بہت مناسب اور بہترین موقع ہے ۔ نیز یہ ظہور ( امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف ) میں تعجیل ، انبیاء عظام ، تمام اقوام و ملل ، بالخصوص مستضعفین اور اس عادلانہ عالمی و  توحیدی و اسلامی حکومت کے مشتاق افراد سے وعدۂ الٰہی کے متحقق ہونے کی درخواست کرنے ، تعظیم شعائر ، احیاء امر اہل بیت علیہم السلام ، حیات ولائی کے اعلان اور دعا و مناجات کا سنہری موقع ہے  ۔

 

اس پورے مہینہ میں اہل بیت اطہار علیہم السلام کے فضائل اور آپ کے اعلیٰ مقامات و درجات  کا ذکر زبان سے منقطع نہیں ہونا چاہئے۔ مجالس و محافل اور تقاریر و خطبات میں سب کو عوالمِ قرب اور معنوی کمال کی طرف تشویق دلائی جانی چاہئے  اور بالخصوص اس پورے مہینہ میں سب لوگوں کو خلوت و جلوت میں انفرادی یا اجتماعی طور پر حضرت بقیۃ اللہ مولانا الامام المہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کے لئے دعا کرنے کا خاص اہتمام کرنا چاہئے ۔

 

حضرت بقیۃ اللہ الأعظم عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف اور آپ  کے ظہور میں تعجیل کے لئے دعا ؛ تمام انسانیت کے لئے دعا ہے ، اور یہ تمام اقوام و ملل ، قبائل ، قوی و ضعیف ، عالم و جاہل اور غنی و فقیر کے لئے دعا ہے ۔

 

امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کا ظہور اور اس یگانہ خلیفۂ الٰہی ، تمام انبیاءِ مرسلین (علیہم السلام ) اور ائمہ طاہرین (علیہم السلام )  کے خلفِ یکتا کے امرِ فرج میں تعجیل ؛ سب لوگوں کے لئے جہالت ، ضلالت ، گمراہی اور ظلم و جور سے نجات ہے ۔

اسلامی تعلیمات اور اولیائے دین کی ہدایات و تعلیمات کا ایک اہم حصہ خدا سے دعا و مناجات کرنے اور خدا کو پکارنے کی تاکیدات پر مشتمل ہے ، یہاں تک کہ فرمایا گیا : « الدُّعاءُ مُخُّ العِبادَةِ ؛ عبادت و پرستش کا مغز (نچوڑ)  دعا ہے ۔ » (۲)

 

قرآنی آیات اور احادیث و روایات میں خدا کو اسماء حسنیٰ سے پکارنے اور دعا کرے کی مؤکد تاکیدات کی گئی ہیں :

«وَ للهِ الأسْماءُ الْحُسْنى فَادْعُوهُ بِها» (۳) ۔ اسماء الحسنیٰ میں سے کسی بھی اسم سے دعا کرنے کے خاص آثار و اثرات اور معرفت کے بزرگ پیغام ہیں ۔

 

دعا دل کو منوّر کرتی ہے ، ظلمت و تاریکی کو دور کرتی ہے ، بندہ کو بلند کرتی ہے اور اس کے عروج کا باعث بنتی ہے ۔ اگر یہ دعا سب لوگوں کی حاجتوں اور سب کی خیر و سعادت کے لئے ہو تو اس کا اجر و فضیلت زیادہ ہے ، اور اگر ولیِ امر حجت خدا کے لئے دعا کی جائے تو ہمارے لئے اس کے اجر و فضیلت کو درک کرنا قابلِ تصور نہیں ہے ۔ حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے لئے دعا ؛ تمام جنّ و انس اور ملائکہ میں سے تمام موجودات کے لئے دعا ہے ۔ آپ کا فرج و گشائش (درحقیقت ) تمام انبیاء و اولیاء الٰہی اور عدل و انصاف  ، علم و دانش  ، بیداری ، امن و امان اور آسائش کی آرزو رکھنے والوں کے لئے فرج و گشائش ہے ۔

 

اس کے بزرگ فوائد اور عظیم آثار کو شمار نہیں کیا جا سکتا اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے لئے نقل ہونے والی بعض منقول دعاؤں کے معنی ومطالب اور ہدایات کے بارے میں لب کشائی نہیں کی جا سکتی  ۔

 

دعا مکتب ہے ، دعا درس اور سب کے لئے الٰہی دانشگاہ ہے ، دعا خدا و پیغمبر اور امام کی معرفت کا درس ہے ۔ حضرت صاحب الامر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے لئے دعا کے پروگرام مزید وسیع اور عام ہونے چاہئیں اور بالخصوص اس مبارک مہینہ میں ان کا انعقاد ہونا چاہئے تا کہ سب لوگ ماہِ شعبان کی برکتوں ، رحمتوں اور نیمۂ شعبان کی عید سے مستفیض ہو سکیں ۔ نیز نیمۂ ماہِ شعبان کی رات ؛ باعظمت ، پُربرکت اور انبیاء و اولیاء کے یگانہ موعود کے میلاد کی رات ہے ۔ یہ رات بہت ہی بافضیلت اور شب قدر کی راتوں بلکہ شب قدر کی راتوں میں سے ایک (معین ) رات کے ہم پلہ ہے ۔ امید ہے کہ مؤمنین کی دعاؤں اور ان کے تعجیل فرج کی دعا کے اصرار سے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور و فرج کے اسباب فراہم ہوں ۔ اللّهُمَّ عَجِّلْ فَرَجَ وَلِیکَ وَ حُجَّتِکَ وَ صَلِّ عَلَیهِ وَ عَلى آبَائِهِ الطَّاهِرینَ وَ اجْعَلْنَا مِنْ أنْصَارِهِ وَ أعْوَانِهِ ۔

سب کو ماہ شعبان المعظم بہت مبارک ہو ۔ 

 

حوالہ جات :

۱ ۔ سورۂ غافر ، آیت ۶۰ ۔ ’’ اور تمہارے پروردگار کا ارشاد ہے کہ مجھ سے دعا کرو ، میں قبول کروں گا ‘‘ ۔

۲ ۔ وسائل الشیعہ : جلد ۷ ، باب ۲ ، حدیث  ۸۶۱۵ ۔

۳ ۔ سورۂ اعراف ، آیت : ۱۸۰ ۔ ’’ اور اللہ ہی کے لئے بہترین نام ہیں لہذا اسے ان ہی کی ذریعہ پکارو‘‘ ۔

Monday / 7 March / 2022